ڈسکہ بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا خالد عباس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جب کہ وکلاء کے قتل کے خلاف پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملک بھر کی عدالتوں میں وکلاء کی ہڑتال اور عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا گیا۔
گزشتہ روز تھانہ سٹی میں ایس ایچ اوکی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تحصیل بار ڈسکہ کے صدر رانا خالد اور وکیل رہنماء عرفان چوہان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔رانا خالد کی تدفین ان کے آبائی علاقے سکھواں میں کی جائے گی۔
دوسری جانب وکلاء کے قتل کے خلاف ملک بھر میں وکلاء نے ہڑتال کی اور احتجاجاً عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ بارکونسلزاوربارایسوسی ایشنز میں وکلا کی جانب سےسیاہ پرچم لہرائے گئے جب کہ وکلاء نے عدالتی امور کا مکمل بائیکاٹ کیا۔
ادھر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منظور ملک فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے وکلاء کی عیادت کے لیے میو اسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔