راولپنڈی/کوئٹہ(آن لائن +نمائندہ جسارت) بلوچستان اور وزیرستان میں کارروائیوں کے دوران 11دہشت گرد ہلاک جب کہ 2فوجی جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں دہشت گردوں کی پناہ گاہ میں موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے کارروائی کی ۔اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 جوان شہید ہوگئے۔ شہید جوانوں میں سپاہی محمد شمیم اورسپاہی اسد خان شامل ہیں۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع تربت اور سبی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ذرائع کے مطابق تربت کے علاقے بلیدہ میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی، اس دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 5 شرپسند ہلاک ہوئے، جن کی شناخت نوارعرف کمانڈنٹ،ظفرعرف ڈودا،جمیل عرف ٹیٹک اورمیرو کے نام سے ہوئی جبکہ ایک کی شناخت تا حال نہ ہوسکی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ شرپسندوںسے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا جسے سیکورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیا ۔ادھر سبی کے قریب نوتال کے علاقے میں سیکورٹی فورس نے ریلوے ٹریک کو بم سے اڑانے کا منصوبہ ناکام بنادیا ، ایف سی حکام کے مطابق ریلوے ٹریک پر بم نصب کرنے والا دہشت گرد فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ،جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جس کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ، دہشت گردی کے ایک اور واقعہ میں صحبت پور کے علاقے آرڈی 343 میں ایک گھر کے قریب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ، پولیس کے مطابق دھماکے کی تحقیقات جاری ہے۔