حمزہ آرائیں اور حوض نور کے قاتلوں کو فوری سزا دی جائے، مہر شیخ

114

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیے جانے والے بچوں کے قاتلوں کو سزا نہ دیے جانے کیخلاف سماجی تنظیم فکس اٹ کی جانب سے حیدر آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ پریس کلب پر احتجاج کرنے والے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اویس نظامانی، آفتاب بلوچ، مہر شیخ اور دیگر کا کہنا تھا کہ حیدر آباد سمیت سندھ کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں کم عمر بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیے جانے کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ دنوں حالی روڈ کے رہائشی حمزہ آرائیں اور حوض نور کو مبینہ جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا لیکن ان کے قاتلوں کو اب تک سزا نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ مقامی انتظامیہ اور حکومت اس طرح کے واقعات کی روک تھام میں ناکام ہوچکی ہے، جس کی وجہ سے کم عمر بچے غیر محفوظ ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حمزہ آرائیں اور حوض نور کے قاتلوں کو فوری طور پر سزا دی جائے۔