مسئلہ کشمیر پر پاکستانی کاوشوںمیں مزید تیزی لانا ہوگی، راجا فاروق

74

پشاور(آن لائن)وزیر اعظم آزاد وکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے مودی طاقت کے نشے میں کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے اور وہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے ، 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد ہمیں مزید مؤثر انداز میں عالمی سطح پر کام کرنا ہو گا، حکومت پاکستان نے بہت کاوشیں کی لیکن ان میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے ۔وہ پشاور کے ایک روزہ دورہ پرسینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔راجا محمد فاروق حیدر نے کہا کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی 5فروری کو کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے بھرپور مظاہرے کی تیاریوں پر ہم پاکستانی عوام کے شکرگزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منزل ہے اور اس مقصد کے لیے کشمیری عوام نے گزشتہ 72 سالوں میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔بھارت ہٹ دھرمی سے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے جو کہ عالمی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیرنے سینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔