ایچ ڈی اے ملازمین کے دیرینہ مسائل کو فوری حل کرایا جائے، اعجاز حسین

49

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلا ئز یونین کی جانب سے ادارہ ترقیات حیدرآباد کے مزدور دشمن رویے کیخلاف ساتویں روز بھی حیدرآباد پر یس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے رہنمائوں اعجاز حسین، عبدالقیوم بھٹی، عطر خان چانگ اور دیگر نے کہا کہ واسا ملازمین گزشتہ دو ماہ سے اپنی تنخواہوں، پنشن اور دیگر مسائل حل نہ ہونے پر مسلسل پرامن احتجاج کررہے ہیں لیکن انتظامیہ کوئی نوٹس نہیں لے رہی ہے اور ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامیہ جان بوجھ کر حیدرآباد کے حالات کو خراب کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ڈی اے انتظامیہ اپنی نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے واٹر اینڈ سیوریج کے کمرشل اور ڈومیسٹک بلوں کے واجبات وصول کرنے میں ناکام ہے بلکہ حکومت سندھ پر واٹر اینڈ سیوریج کے 4 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد ماہانہ رقم بھی ان نہ اہل افسران کی وجہ سے وصول نہیں کی جارہی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سے مطا لبہ کیا کہ ملازمین کے دیرینہ مسائل کو فوری حل کرایا جائے۔ دوسری صورت میں ملازمین فراہمی آب اور نکاسی آب کا نظام بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔