پاکستان بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرے، عبدالرشید ترابی

92

مظفرآباد (صباح نیوز)رکن اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرے ۔یہ بات انہوں نے منگل کے روز آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر ، نیلم میں برف باری اور فلسطین سے متعلق اراکین اسمبلی کی طرف سے پیش کی گئی قرار دادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہی ۔ عبد الرشید ترابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میںمعاشی دہشت گردی کا عمل جاری ہے ۔ پونے 2 بلین ڈالر کا معیشت کو نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔ بھارت ان نقصانات کے ذریعے کشمیری عوام پر دبائو ڈالنا چاہتاتھا کہ وہ بھارت کے قبضے کے سامنے سرنڈر کردیں ۔ بھارت کے اقدامات کے نتیجے میں نوجوانوں میںمزید بھارت مخالف جذبات پیدا ہو چکے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے عوام نے پاکستان اور آزادی سے اپنی عزم کا اظہار کیا ہے ہم اس جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں ۔جماعت اسلامی کے 5500کارکنان و ذمے داروں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔کئی لوگ جیلوں میں شہید ہو رہے ہیں ۔ سید علی گیلانی ،آسیہ اندرابی ، یٰسین ملک ، شبیر شاہ قید میں ہیں جو ایک المیہ ہے ۔ فخر الدین علی احمد کے عزیز واقارب کو بھی شہریت کی لسٹ سے خارج کر دیا ۔ہم تحریک آزادی کی پشتی بانی کو جاری رکھیںگے ، مودی اور بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں کو گیدڑ بھبکیاں نہ سمجھا جائے ۔ دفاعی نظام نظر آنا چاہیے ۔ شہری دفاع کا نظام بہتر بنایا جائے ۔ دیگر قرار دادوں کے ساتھ وزیر مال سردار فاروق سکندر کی فلسطین کے متعلق قرار داد کی بھی حمایت کرتا ہوں ۔ فلسطینیوں کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں اور اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرے ۔