بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنانے کی تیاریاں شروع

169

نئی دہلی: بھارتی حکومت نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے لیے ٹرسٹ تشکیل دینے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سپریم کورٹ کے حکم کی پیروی کرتے ہوئے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کی نگرانی کے لیے ایک ٹرسٹ تشکیل دینے کا اعلان کردیاہے جس کو شری رام جنم بھومی تیرتھا کشیرتا کا نام دیا گیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لیے کابینہ نے منصوبہ تیار کرلیا ہے جس کو جلد ہی عمل میں لایا جائے گا۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ٹرسٹ کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کیا گیا ہے۔ ٹرسٹ، مندر کی تعمیرکے حوالے سے مختلف مسائل پر آزادانہ فیصلے کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے  کے مطابق سنی وقف بورڈ کو پانچ ایکڑ زمین فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ ہزاروں ہندو انتہا پسندوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں 6 دسمبر 1992 میں بابری مسجد کو شہید کر دیا تھا جس کے بعد اس مقام کو متنازعہ قرار دے دیا گیا تھا لیکن 9 نومبر 2019 کو بابری مسجد کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ نے مقامی جگہ پر ہندوؤں  کو مندر بنانے کی اجازت دے دی اور مسجد کے لیے مسلمانوں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔