اگلے ہفتے ترک صدر پاکستان کا دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

229

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان  کے دورے ملائیشیا میں دونوں رہنماؤں کے درمیان  اسٹریٹجی پارٹنر شپ پر بات چیت ہوئی جبکہ  ترک صدر رجب طیب اردگان اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے  میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا گئے تھے جہاں  وزیر اعظم عمران خان اور انکے ہم منصب مہاتیر محمد میں ملاقات ہوئی۔

 دونوں رہنماؤں کے درمیان  اسٹریٹجی پارٹنر شپ پر بات چیت ہوئی جبکہ  دورہ ملائیشیا پر بھی دونوں ممالک نے کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی۔

انہوں نے بتایا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، ترکی سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کشمیر سے متعلق کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدام اٹھائے ہیں،مقبوضہ کشمیر  اس وقت دنیا میں سب سے بڑا ملٹری زون بن چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 6 ماہ پہلے اسی دن 5 اگست کو کرفیو نافذ کیا گیا تھا جبکہ 186 دن سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان جموں و کشمیر کا کیس دنیا کے تمام فورمز پر لے گیا ۔پاکستان کےصدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کل بھارتی مظالم اور قبضے کی مذمت کی ہیں ۔پاکستان بارہا بھارت سے سیز فائر پر بات کر چکا ہے۔