کراچی(اسٹاف رپورٹر)باغ ابن قاسم میں 29ویں انٹر نیشنل تین روزہ پپٹ فیسٹیول کراچی کا افتتاح میئر کراچی وسیم اختر نے جمعہ کی شام کیا اس موقع پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ، رفیع پیر تھیٹر کے چیف ایگزیکٹو سعدان پیرزادہ، عثمان پیرزادہ سمیت معززین شہر،بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی،افتتاحی تقریب میں مختلف پپٹس نے دلچسپ پروگرام پیش کرکے حاضرین اور خصوصاً بچوں کو محظوظ کیا، یہ فیسٹیول اتوار کو رات 11بجے تک جاری رہے گا، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچوں کے لئے صحت مند اور اچھی سرگرمی ہیں ہم بھی بچپن میں اس کو دیکھا کرتے تھے مگر 1970ء کی دہائی میں کراچی بند ہو گیا تھا،
کراچی کے بچوں اور فیملی کو صحتمند تفریح مہیا کرنے کی غرض سے اس کو کئی سال بعد کراچی لایا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ اس طرح کے شو بچوں کی تربیت اور سیکھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں کیونکہ اس میں پیغام دیا جاتا ہے،
یہ اس شہر کے بچوں کی ضرورت ہے اس طرح کے شو دوسرے اضلاع میں بھی منعقد کریں گے، میئرکراچی نے کہا کہ کمپیوٹر اور جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں رفیع پیر تھیٹر نے پرانی روایات کو زندہ رکھا ہوا ہے جو یقینا قابل تحسین ہے،آج سے 40 سال قبل کٹھ پتلی تماشہ بچوں کے لیے بہترین تفریح ہوتا تھا اور پی ٹی وی سے پیش کیا جانے والا پروگرام انکل سرگم بڑی دلچسپی سے دیکھا جاتا تھا جس سے بچوں کے ساتھ ساتھ ہر عمر کے لوگ محظوظ ہوتے تھے،والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو کچھ دیر موبائل اور کمپیوٹر سے نکال کر اس طرح کی ذہنی اور صحت مندانہ تفریح سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کریں،
ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کے ایم سی سپریم کورٹ کی ہدایت پر مکمل عمل کررہی ہے باغ ابن قاسم سے ملبہ اٹھایا جا رہا ہے، اس پارک کو بچوں کی تفریح کے لئے استعمال کررہے ہیں،
انہوں نے کہا کہ جہاں گھر ہیں پہلے ان کو متبادل دیا جائے پھر تجاوزات کا صفایا کیا جائے انہوں نے کہا کہ کراچی کے ماسٹر پلان پر آج تک عمل نہیں ہوا،ماسٹر پلان جب تک کے ایم سی کے حوالے نہیں کیا جائے گا بہتری نہیں ہو گی۔