حیدرآباد :نیشنل ٹریڈ یونین،،تنخواہوں کی عدم اادائیگی کیخلاف احتجاج

80

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ٹریڈ یونین اور پاکستان ڈیمو کریٹک ورکرز فیڈریشن کی جانب سے مہنگائی، بے روزگاری اور مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کیے جانے کیخلاف حیدر چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے حیدر آباد پریس کلب پہنچی، جہاں مظاہرے میں شریک مزدور اپنے حقوق کے لیے سخت نعرے بازی کررہے تھے۔ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے محبوب قریشی، عبدالرشید قنبرانی اور محمد نواز سمیت دیگر رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں آنے والے مہنگائی کے سونامی نے ملک کے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ملک کے غریب اور کم تنخواہ دار مزدور وملازمین دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں سمیت نجی اداروں میں حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی کم سے کم تنخواہ 17 ہزار 500 روپے بھی ادا نہیں کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آنے والی حالیہ مہنگائی کی لہر سے درمیانی طبقہ کے افراد گھر کا گزارا کرنے سمیت بیماری اور بچوں کی تعلیم کے اخراجات بھی برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ 35 ہزار روپے اور پنشن 1500 ہزار روپے مقرر کی جائے۔