پاکستان اور چین کا ڈالر پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ

357

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور چین کا ڈالر پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ، دونوں ممالک کے مابین اب تجارت ڈالرکی بجائے یوآن میں کی جائیگی، وفاقی کابینہ نے بھی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ باہمی تجارت ڈالر کے ذریعے سے نہیں کی جائیگی، دونوں ممالک نے تجارت کو بڑھانے اور ملکی کرنسی پر دباؤ کو کم کرنے کے لیے یوآن کے ذریعے سے
تجارت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے چین کے ساتھ ایم او یو دستخط کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سے سمری کو منظور کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 3 نومبر 2018 میں چین کے صدر ینگ اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا مابین ایک معاہدہ طے ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ چین نے پاکستان کی مالی اور معاشی پریشانیوں کو کم کرنے کے لیے امریکی ڈالر کی بجائے چینی یوآن میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔اس حوالے سے ماہرین معاشیات کا کہنا تھا کہ چین کی بے مثال مراعات پاکستان اور چین کے وسیع پیمانے پر 87 فیصد تجارتی خسارے کو دور کرنے اور پاکستان کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کے دباؤ کو کم کرنے میں بہت کارآمد ثابت ہوگی۔ اس وقت کے پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا یہ معاہدہ چین کی طرف سے ہماری غیر ملکی کرنسی ذخائر کی حمایت کے لیے اٹھائے جانے والے عملی اقدامات کا ایک حصہ ہے۔