چوہدری برادران سے کہتا ہوں میری جو امانت ہے وہ اسے منظر عام پر لے آئیں، فضل الرحمان

303

لاہور: جمیعت علمائے اسلام (ف) (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ میں چوہدری برادران سے کہتا ہوں کہ ان کے پاس میرے حوالے سے جوامانت ہے وہ اسے منظر عام پر لے آئیں۔

لاہور میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناکام حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، بجلی، گیس اور پٹرول سمیت ہر چیز کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، عام آدمی بجلی کے بلوں اور مہنگائی کی چکی میں پس چکا ہے، ہماری کوشش ہے کہ عوام کو متحد کرکے مایوسی کو امید میں تبدیل کیا جائے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عوام کے شانہ بشانہ لائق اور قابل حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کریں گے، ناکام حکومت کی وجہ سے ملک بحران کا شکار ہے۔

انہوں نے حکومت کے اتحادی جماعت (ق) لیگ کے بارے میں کہا کہ چوہدری برادران ٹھیک کہتے ہیں کہ ان کی بات نہیں سنی جارہی ، چوہدری برادران کے حکومت سے اختلافات نظر آرہے ہیں، میں چوہدری برادران سے کہتا ہوں کہ ان کے پاس میرے حوالے سے جوامانت ہے وہ اسے منظر عام پر لے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک سے حکومت کی دیواروں میں دراڑیں پیدا ہوئی جبکہ اپوزیشن تقسیم ہونے کی وجہ سے تحریک کے نتائج موخر ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ 23 فروری کو کراچی میں اور 1 مارچ کو اسلام آباد میں مارچ کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ اپوزیشن سے ابھی جلسوں اور کنونشن کے لیے رابطہ نہیں کیا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی آنا چاہیں تو خوش آمدید لیکن ہم انہیں دعوت نہیں دیں گے، بڑی سیاسی جماعتوں کی پالیسیوں سے اپوزیشن تقسیم ہوئی جسکا فائدہ حکومت اٹھاتی ہے۔