حیدرآباد:مختلف علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ ،بد ترین ٹریفک جام

124

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) کینٹ موبائل مارکیٹ، طیب سینٹر، بسنت حال سمیت اطراف کے علاقوں میں غیرقانونی پارکنگ بدترین ٹریفک جام اور ہزاروں مکینوں کے لیے اذیت کا باعث بن گئی، کنٹونمنٹ بورڈ اور بلدیہ کی حدود میں موبائل مارکیٹ کے اطراف قائم ایک ہی ٹھیکیدار کی غیرقانونی پارکنگ کے منتظمین نے سڑکوں پر درجنوں ٹھیلوں، پتھاروں کو ماہانہ اورہفتہ وار بھتوں کے عوض لگوا دیا، تاریخی عمارت بسنت ہال بحالی کے باوجود تمام اطراف غیرقانونی تجاوزات اورپارکنگ کے باعث شہریوں کی توجہ سے محروم ہے، ٹریفک پولیس کینٹ، سٹی اور متعلقہ کینٹ پولیس نے بدترین ٹریفک جام اور غیرقانونی پارکنگ پر خاموشی اختیار کرکے معاملات طے کر رکھے ہیں۔ کینٹ اور بلدیہ کی حدود میں قائم چاندنی موبائل مارکیٹ، طیب کمپلیکس، ایس آر ٹی سی کمپلیکس، بسنت ہال کے اطراف سمیت متصل علاقوں میں سڑکوں پر قائم غیرقانونی پارکنگ اور تجاوزات کی بھرمار نے ٹریفک کا نظام درہم برہم اور فلیٹوں میں رہنے والے ہزاروں مکینوں کو ذہنی اذیت اور شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ مذکورہ پارکنگ کنٹونمنٹ اور بلدیہ کی حدود میں قائم ہے اور ایک ہی ٹھیکیدار کے کارندے کئی سال سے صبح سے رات گئے تک ہزاروں شہریوں سے سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرکے لاکھوں روپے پارکنگ کے نام پر بھتا وصول کررہے ہیں، جبکہ حال میں تزئین و آرائش کے کاموں کے بعد بحال کی جانے والی تاریخی عمارت بسنت ہال بھی اطراف میں غیرقانونی پارکنگ اور تجاوزات کی بھرمار کے باعث شہریوں کی توجہ سے محروم ہے، جبکہ پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ملی بھگت سے پارکنگ کے نام پر بھتا وصول کرنے والے ٹھیکیدار نے سڑکوں پر درجنوں ٹھیلوں، پتھاروں سے ماہانہ اور ہفتہ وار کرایے کے نام پر بھتا وصولی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جبکہ مذکورہ غیرقانونی پارکنگ، بھتا وصولی پر ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس کینٹ، سٹی سیکشن، کنٹونمنٹ بورڈ اور بلدیہ حکام نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور صبح سے رات گئے تک ان علاقوں میں بدترین ٹریفک کے سدباب کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے۔ شہریوں نے آئی جی سندھ، ڈویژنل کمشنر محمد عباس بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ارباب ابراہیم سے کینٹ موبائل کے اطراف غیرقانونی پارکنگ ختم کرنے اور پارکنگ کے نام پر بھتا وصولی کرنے والے منظم گروہ کیخلاف کارروائی اور تاریخی عمارت بسنت ہال کے اطراف تمام تجاوزات ختم کرکے سڑک کی تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔