پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں مختلف الخیال لوگوں کا مجموعہ ہے

108

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں مختلف الخیال لوگوں کا مجموعہ ہے جواپنے مفادات کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کرپٹ ترین حکومت بن چکی ہے جس میںجائز کام بھی بغیر رشوت کے نہیں ہورہا ہے۔عوام کا حکومت پر سے اعتماد ختم ہوچکا ہے اس لیے وہ ٹیکس بھی نہیں دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تبدیلی اور روٹی کپڑ امکان دینے سمیت تمام حکومتی دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، حقیقی تبدیلی، روزگارکی فراہمی اور مہنگائی سے نجات سمیت تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے۔ عوام نے تمام جماعتوں کو آزمالیا اب حل صرف اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں اصلاح معاشرہ کے ساتھ افراد کی کردار سازی اور شریعت کے نفاذ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوںنے کہاکہ چوروں اور لٹیروں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالنے کے نعرے لگانے والے وزیراعظم آج اتنے بے بس دکھائی دیتے ہیں کہ اپنے ارد گرد موجود آٹا،شوگر،ڈرگ اور لینڈ مافیا کے لوگو ں پر ہاتھ ڈالنے سے بھی گھبراتے ہیں۔ وزیراعظم خود کہتے ہیں کہ وہ آٹا چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کو جانتے ہیں مگر ان کو پکڑ نہیں رہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر یہ لوگ اپوزیشن میں ہوتے تو آج جیلوں میں بند ہوتے اور وزیراعظم خود پریس کانفرنس میں ان کے جرائم کی لمبی چوڑی لسٹ عوام کے سامنے لے آتے۔