کورونا وائرس کے باعث چینی نمائش کنندگان کا دورہ پاکستان منسوخ

97

لاہور ( کامرس ڈیسک) پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2020 نمائش و کانفرنس 11 تا 13 فروری ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہو گی۔کرونا وائرس کے باعث چینی کمپنیوں نے نمائش میں شرکت منسوخ کر دی ہے تاہم جاپان، ترکی، ملائیشیا، تائیوان اور کوریا سے نمائش کنندگان شریک ہوں گے۔ یہ تین روزہ نمائش و کانفرنس پرائم ایونٹ مینجمنٹ کے تحت پاکستان فارما سوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے جبکہ نیشنل الائنس فار سیف فوڈ کانفرنس پارٹنر ہے۔ افتتاحی تقریب منگل کی صبح منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم رؤف ہوں گے جبکہ دیگر مہمانوں میں چیئرمین پی پی ایم اے محمد ذکاء الرحمان، چیئرمین پی پی ایم اے نارتھ ڈاکٹر عذیر ناگرہ اورصدر لاہور چیمبر آف کامرس عرفان اقبال شیخ شامل ہوں گے۔ڈائریکٹر پرائم ایونٹ مینجمنٹ کامران عباسی نے بتایا کہ افتتاحی تقریب کے دیگر مقررین میں وزیرمملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کے مشیر سلطان غنی، ڈائریکٹر ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ، یو ایس پی کے چیف آف پارٹی سید خالد سعید بخاری، سی ای او نیوٹرو فارما حامد رضا اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل شازو ذکا ڈاکٹر زیبا احمد شجاع شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش میں پاکستان کے مختلف شہروں اور جاپان، ترکی، ملائیشیا، تائیوان اور کوریا سمیت دیگر ممالک سے 65 کمپنیاں شریک ہوں گی اور اپنی ٹیکنالوجی و مصنوعات کی نمائش کریںگی۔ چین سے 15 کمپنیوں نے شرکت کرنی تھی لیکن وہاں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث انہوں نے آنے سے معذرت کر لی ہے۔ کامران عباسی نے کہا کہ پنجاب کی فارما و ہیلتھ کیئر انڈسٹری کے فروغ میں یہ ایکسپو انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ تینوں دن تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کا موقع فراہم کرے گا ۔جس سے وہ اپنی مصنوعات کی تشہیر، بزنس میٹنگز اور کاروبار کے فروغ کے لیے اقدامات کر سکتے ہیں۔سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے۔پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر اس انڈسٹری کے تمام مینوفیکچررز اور سپلائرز کومقامی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا کاروبار بڑھانے اور اپنی مصنوعات کی تشہیرکا موقع دے گا۔ کامران عباسی نے بتایا کہ ایکسپو میں فارماسوٹیکل مینوفیکچررز، فارما ایکسپورٹرز، فارما ڈسٹری بیوٹرز، فارماسسٹس، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس، کمرشل اتاشیز، ٹریڈ نمائندگان، غیر ملکی وفود، ریسرچرز، طالب علم، تعلیمی ماہرین شرکت کریں گے۔
فارما ایکسپو کے ساتھ انٹرنیشنل کانفرنس بھی منعقد ہو گی۔پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 13 فروری تک جاری رہے گی۔