سری نگر،مظفرآباد،برسلز(آن لائن+اے پی پی +صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس ’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا مشن ہے،پاکستان ہی ہمارا نعرہ ‘ مقصد اور منزل ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا مشن ہے جس پر وہ سختی سے کاربند رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے خوابوں کی سرزمین کے لیے کوششیں کر رہے ہیں جو کہ پاکستان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ الحاق کشمیریوں کا گلوبل مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام مسلمانوں کی ذمے داری ہے کہ وہ انصاف اور مساوات کی بنیاد پر معاشرے کی تخلیق کے لیے اپنی ذمے داریاں نبھائیں ۔ علاوہ ازیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دونوں گروپوں کے چیئرمین سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق اور دیگر تنظیموں کے رہنماؤں نے کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کے 36ویںیوم شہادت پر(آج) منگل کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔اس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں سیکڑوں پوسٹرز چسپاں کیے گئے تھے جن میں لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ مقبول بٹ کی برسی کے روز بھارت کے خلاف ہڑتال کریں،یہ پوسٹر سری نگر، بڈگام، گاندربل، بارہ مولا ،بانڈی پورہ،پلواما،شوپیاں اور دیگر اضلاع کی عام شاہراہوں اور گلیوں سمیت تمام اہم مقامات پر چسپاں کیے گئے۔دوسری جانب کشمیرکونسل یورپ (ای یو)کی کور کمیٹی کے اجلاس میں عظیم کشمیری سپوت شہید مقبول بٹ کو زبردست الفاط میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔مقبول بٹ کی برسی کی مناسبت سے کشمیرکونسل ای یو کی کور کمیٹی کا اجلاس پیر کو کونسل کے مرکزی سیکرٹریٹ واقع برسلز میں ہوا۔ اجلاس میں اس بات کا اعلان کیا گیا کہ(آج) منگل11 فروری کو مقبول بٹ کی برسی کے موقع پربھارتی سفارتخانے کے باہر مظاہرے میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔اجلاس کی صدارت کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کی۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش ظاہر کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کا نوٹس لے۔اجلاس میں علی رضا سید نے کہاکہ مقبول بٹ کشمیر کی دھرتی کے عظیم سپوت ہیں، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔