احسان اللہ احسان کو حکومت نے فرار کروایا ہے، بلاول بھٹو

345

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کو ملک سے فرار کروانے میں حکومت کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسان اللہ احسان کا فرار  ہونا حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر سیاسی جماعتوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پیپلز پارٹی کے موقف کی کبھی حمایت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور اور ملالہ یوسف زئی پر حملے کا ذمہ دار شخص کیسے ملک سے فرار ہوگیا؟۔ اگر حکومت کسی سابق صدر کو اڈیالہ جیل میں قید کر سکتی ہے تو وہ احسان اللہ احسان کو وہاں کیوں نہیں قید رکھ سکتی۔

پی پی پی کے چیئرمین نے میڈیا سے گفتگو کے دوران حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے لئے جے ٹی آئی کیوں نہیں تشکیل دی گئی۔ سانحہ سے متاثرہ افراد اب بھی عدالتی کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ جب ملک کا سب سے بڑا دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوچکا ہو تو ہم دنیا کو یہ کیسے یقین دلا سکتے ہیں کہ ہم دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ چند دنوں قبل احسان اللہ احسان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر ایک آڈیو پیغام کے ذریعے اپنے فرار ہونے کی اطلاع دی تھی اور کہا تھا کہ میں ابھی ترکی میں ہوں۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستانی حکام نے مجھ سے کیے گئے  معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے میں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔