شہر کی اہم شاہراہوں پر کھلے مین ہولز شہریوں کیلیے موت کا پیغام بن رہے ہیں

141

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرراناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمدانورنے کہا ہے کہ شہرکی مصروف ترین شاہرائوںجڑانوالہ روڈ،کینال روڈ، ستیانہ روڈ،ہلال احمرچوک کے سامنے واساکے گٹروں اوردیگر اداروں کے کھلے مین ہولزشہریوں کے لیے موت کا پیغام بن رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جڑانوالہ روڈپر ڈھڈی والاسے عبداللہ پورچوک تک جابجاگٹروںکے ڈھکن غائب ہیں اورجن پر ڈھکن موجودہیں وہ انتہائی خستہ حال اوراونچے نیچے ہونے کے باعث ٹریفک روانی میں خلل اورحادثات کا سبب بن رہے ہیں،آئے روز میڈیامیں کھلے مین ہولزکی فوٹواورخبریں شائع ہونے کے باوجودضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ٹس سے مس نہیں ہورہے ۔ شہر کے متعدد مقامات پر کھلے مین ہول عوام کے لیے موت کے کنویں بن گئے، جن میں گرنے کے باعث شہری اور خاص طور پر بچوں کے زخمی ہونے کے واقعات معمول بنے ہوئے ہیں شہر کی مختلف آبادیوں اور مین شاہراہوں پر واقع سیوریج کے مین ہولز کے ڈھکن غائب ہیں، شہریوں کی طرف سے شکایات کے باوجود ٹی ایم اے اورواسا انتظامیہ نے مذکورہ مین ہولز پر ڈھکن رکھنے کی بجائے ان میں درختوں کی ٹہنیاں ڈال کر یا اردگرد اینٹیں رکھ کر اپنا فرض پورا کر دیا ہے، ان کھلے مین ہولز میں رات کے اوقات میں موٹر سائیکل سوار اور پیدل افراد کے گرنے کے نتیجہ میں زخمی ہونے کے واقعات معمول بن چکے ہیں، اسی طرح گلیوں میں کھیلتے ہوئے کمسن بچے بھی مذکورہ مین ہولز میں گر کر زخمی ہوتے رہتے ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ اگر ضلعی نتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے فوری طور پر کھلے مین ہولز پر ڈھکن نہ لگائے تو راست اقدام پر مجبور ہو جائیں گے۔