بلوچستان نااہل حکمرانوں کی و جہ سے مسائلستان بن گیا ،مولاناعبدالحق ہاشمی

113

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت بلوچستان کے عوام کومسائل وپریشانی میں کمی کا دیرپامنصوبہ بنائیں، وسائل سے مالا مال بلوچستان حکمرانوں کی نااہلی بدترین کرپشن کی وجہ سے بدترین مسائل کا شکار ہے، صوبے میں تعلیم وصحت کے مراکزتباہ ہیں جبکہ لٹیروں سے پوچھنے والاکوئی نہیں ،نیب واحتساب کے ادارے گزشتہ تمام حکومتوں کی لوٹ مار کے حوالے سے خاموش بیٹھے ہیں حالانکہ بلوچستان کے حکمرانوں نے ہر حکومت میں کرپشن کے نئے ریکارڈ بنالیے تھے، جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف اوربلوچستان کے حقوق کے حصول کیلیے ہر فورم پرآوازاُٹھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی مخلوط حکومتوں نے ہمیشہ اتحادیوں ،وزرا ،پارٹی جیالوں اوربیوروکریسی کو ناجائز طریقے سے خوش رکھاہے جبکہ عوام کاکوئی پرسان حال نہیں، کاغذات وٹھیکیداری سسٹم میں بلوچستان کے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے اب ہر طرف ترقی ہی ترقی ہے مگر عملی کا م نہ ہونے کے برابرہے ۔سابقہ حکومتوں میں بدنام ورشتے دار ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دے کرقومی خزانے کو نقصان اور چند افراد کو خوش کر دیا ہے جبکہ شہرمیں نہ نالی بنی اور نہ ہی سڑک وپانی کا مسئلہ حل ہوا۔اسپتالوں کے لیے جو عمارتیں کھڑی کی گئی تھیں وہ بھی کھنڈر بن گئیں۔ اسکولزوتعلیمی اداروں کی عمارتیں کھڑی کرکے ملازمتیں اپنوں میں بانٹ دی گئیں جبکہ عملی طور پر علاقے میں بہت سے علاقوں میں اب بھی تعلیمی وصحت کے اداروں کے نام پر صرف ناکارہ عمارتیں کھڑی ہیں جبکہ تعلیم وعلاج کی سہولیات نہیں اور موروثی سیاستدانوں کے خاندان کے افراد کئی دہائیوں سے تنخواہیں ومراعات بدستور وصول کر رہے ہیں۔ بلوچستان سے بوگس ودونمبرملازمتیں ختم نہیں کی گئیں ،گھوسٹ ملازمین گھوسٹ ادارے تاحال موجودہیں ۔بے نظیر انکم سپورٹ کے نام پر غریبوں ،بیوائوں ویتیموں کی رقم کھانے والوں کو کسی صورت معاف نہ کیا جائے لیکن لگتاہے کہ یہاں بھی بدعنوان بڑے سامنے آکر سب ٹھیک کر کے لٹیروںکوبچالیں گے ۔اس ملک میں کرپٹ مافیا طاقتورجبکہ دیانتدار آفیسرزوایماندار بیوروکریسی کو سائیڈ پر کیا جاتاہے بلوچستان میں بالخصوص کرپشن ختم کرنے تک ترقی ممکن نہیں۔