مظفر آباد/راولاکوٹ/سری نگر(خبر ایجنسیاں) کنٹرول لائن کے دونوں طرف مقبول بٹ کا 36یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا، مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال جبکہ پونچھ کے سرحدی علاقے دھر بازار میں ریلی پر بھارتی فوج نے فائرکھول دیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے مقبول بٹ کے یوم شہادت کے موقع پر بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے روکنے کے لیے سیکورٹی کے نام پر سخت پابندیاں لگا رکھی تھیںجبکہ مقبوضہ علاقے میں مسلسل لاک ڈائون جاری ہے اور مظاہروں کو روکنے کے لیے تمام بڑی سڑکوں پرخار دار تاریں اور رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں ۔مقبول بٹ کے آبائی قصبے ترہگام کپواڑہ میں مرکزی جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں مقبول بٹ کی والدہ شاہ ہمالی بیگم نے شرکت کی اور احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ جموں ، راجوری ، پونچھ کے اضلاع میں مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلم بھی مقبول بٹ کی لا زوال قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔وادی کشمیرمیں مسلسل 191ویں روز بھی فوجی محاصرے اور انٹرنیٹ کی معطلی کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج رہے۔دوسری جانب آزاد کشمیر میں پونچھ کے سرحدی علاقے دھربازار میں مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر ریلی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 نوجوان زخمی ہوگئے ۔ریلی سرحدی مقام تیتری نوٹ سے در بازار کی طرف جارہی تھی کہ مینڈلا کے علاقے سے گزرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں سے سے ریلی پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں لقمان، ارسلان اور راشد نامی 3نوجوان زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے مختلف اسپتال میں منتقل کیا گیا ۔