دوحا: افغان طالبان نے امریکہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کو اگر مزید التواء میں رکھا گیا تو ہم امن مذاکرات سے دستبردار ہوجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملا عمر کے نائب امیر عبدالغنی برادر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ طالبان نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر عارضی جنگ بندی کا جواب دینے میں مزید تاخیر کی گئی تو طالبان امریکہ سے مزید مذاکرات نہیں کریں گے۔
طالبان نے امریکہ کو 7 روز تک عارضی جنگ بندی کی پیشکش کی تھی تاہم امریکہ کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہ آنے پر طالبان نے مذاکرات کو ختم کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
واضح رہے کہ افغان امن مذاکرات کے اب تک 11 دور ہوچکے ہیں جبکہ چند ہفتوں قبل ترجمان طالبان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ امن مذاکرات اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں تاہم حتمی دستخط ہونا باقی ہیں۔