وزیراعظم اپنے پیاروں کی پشت پناہی نہ کرتے تو آج آٹے چینی کا بحران نہ ہوتا

98

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی112کے امیررائے محمد جاویدنے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنے پیاروں کی پشت پناہی نہ کرتے تو آج آٹے چینی کا بحران نہ ہوتا،کمر توڑ مہنگائی میں حکومت کی طرف سے 15 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان قوم کے ساتھ مذاق ہے،حکومت کے بڑے بڑے دعوے سونامی میں بہہ گئے ہیں،عوام کی مشکلات میں سوگنا اضافہ ہوچکاہے۔میاںعبدالستاربیگانے کہاکہ حکومت نے آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے عوام پر ٹیکسوں کا کوہ ہمالیہ لاد دیاہے، حکمران بے حس اور عوام بے بس ہو چکے ہیں،کراچی سے چترال تک ترقی کا پہیہ رُک گیا ہے،موجودہ حکومت نے کوئی نیا ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا،حکومت کی جانب سے تقریروں کے علاوہ کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آرہے۔ پاکستان کو ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنا کر ہی ملکی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، ملک میں رائج استحصالی معاشی اور طبقاتی تعلیمی نظام کی وجہ سے عوام کے اندر سخت مایوسی اور بے چینی پائی جاتی ہے،عوام کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں اسلام کا منصفانہ اور عادلانہ نظام نافذ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک و قوم کو معیشت سمیت مختلف بحرانوں کا سامنا ہے، تعلیم، صحت اور معیشت کے شعبے ناکامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں، لاکھوں نوجوان اعلیٰ تعلیم کے باوجود بے روزگاری کی وجہ سے پریشان ہیں،حکومت 300 ارب روپے کا منی بجٹ لانے کا پروگرام بنا رہی ہے، ہر طبقہ معیشت سے متاثر ہوتا ہے، چاروں طرف مایوسی ہے، اخبارات میں مایوس کن خبریں ہیں۔