ترقی جہاں بھی ہو فائدہ عام آدمی تک پہنچتا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

101

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ ترقی جہاں بھی ہو اس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچتا ہے، سمنگلی فلائی اوور کے منصوبے کی تکمیل سے سمنگلی اور ملحقہ آبادی کے لوگوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمنگلی فلائی اوور کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع آمدورفت کے فروغ سے ترقی کے نئے راستے کھلتے ہیں، اس وقت صوبے کی ترقیاتی ضروریات کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کے تقاضوں کے مطابق بھی گوادر سے کوہلو تک سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جن کی تکمیل سے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اور امن دونوں اہم ہیں لہٰذا جہاں بھی سیکورٹی مقاصد کے لیے ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت کی معاونت درکار ہوگی ہم مکمل تعاون کریں گے، امن وامان کی صورتحال کی بہتری سے ترقیاتی عمل میں بھی تیزی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمنگلی ائر بیس ملک کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ اپنے منفرد محل وقوع اور پرکشش نظاروں کے باعث بھی اہمیت کا حامل ہے، یقینا ملک بھر سے تعلق رکھنے والے ائر فورس کے افسران اور اہلکار بھی سمنگلی ائر بیس سے واپس جاتے ہوئے کوئٹہ میں اپنے عرصہ تعیناتی کو یاد رکھتے ہوں گے۔ قبل ازیں بیس کمانڈر زبیر احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کا تخمینہ لاگت 260 ملین روپے ہے جسے جون 2021ء تک مکمل کرلیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل سے سمنگلی اور گردونواح کی آبادیوں کو بلارکاوٹ آمدورفت کی سہولت مل سکے گی۔