شاہد خاقان کی درخواست ضمانت: نیب نے عدالت میں جواب جمع کرادیا

236

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے  عدالت میں جواب جمع کروا دیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو( نیب) کی جانب سے24 صفحات پر مشتمل تحریری جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروا دیا گیا ہے، جس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پر الزام  عائد کیا گیا ہے کہ  انہوں نے  ایل این جی کی یومیہ ضرورت زیادہ بتا کر زیادہ ٹرمینل لگا کر من پسند کمپنیوں کو نوازنے کا منصوبہ بنایا  گیا۔

ایل این جی کی یومیہ ڈیمانڈ 1200 کیوبک فٹ بتا کر ایک سے زیادہ ٹرمینل لگانے کی بنیاد تیار کی گئی۔ ایل این جی کا انتظام منصبوے کے تحت سوئی سدرن گیس کے بجائے انٹرسٹیٹ گیس کمپنی کو دیا گیا۔

نیب کا کہنا ہے کہ  رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی نے کابینہ سے بھی دھوکہ کیا اور ٹرمینل کی قیمت سے متعلق درست حقائق نہیں بتائے،جلدی میں دوسرا ٹرمینل بھی بنا دیا گیا  جبکہ ٹرمینل کی لاگت کے باعث ایل این مہنگی بھی ہوگئی۔