سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے ریگولیشنز میں ترمیم متعارف

57

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کیپٹل مارکیٹ کے انٹرمیڈریز کیلئے لائسنسنگ کے عمل کو سہل و آسان بنانے کے پیش نظر انڈر رائٹر، بینکرز اور سکیورٹیز اینڈ فیوچر ایڈوائزر کو ریگولیٹ کرنے والے ریگولیشنز میں ترمیم متعارف کرا دی ہیں۔ نئی لائسنسنگ رجیم سے کیپٹل مارکیٹ کے انٹرمیڈریزکو زیادہ مناسب ریگولیٹری ماحول میسر آئے گا اور کیپٹل مارکیٹ میں مالیاتی اداروں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ ایس ای سی پی نے عوامی پیشکش (ریگولیٹڈ سکیورٹیز ایکٹیویٹیز لائسنسنگ) ریگولیشنز 2017ء میں ترمیم کے ذریعے بینکوں کو کسی معاملہ میں انڈر رائٹر اور بینکر کی حیثیت سے کام کرنے کیلئے لائسنس کی پیچیدہ شرائط (دستاویزی تقاضوں) کو ختم کر دیا ہے۔ نئے ریگولیشنز کے مطابق بینکوں کو لائسنس کے حصول کیلئے صرف ایک سادہ درخواست جمع کرانا ہو گی۔ درخواست کے ہمراہ بینک کی جانب سے صرف ایک ڈیکلیئریشن جمع کرانا ہو گی کہ مذکوہ بینک تمام ریگولیٹری تقاضوں پر عملدرآمد کر رہا ہے۔ لائسنس کے حصول اور تجدید کیلئے اب دیگر دستاویزات کی ضرورت نہیں رہی۔ اس کے علاوہ سکیورٹیز اینڈ فیوچر ایڈوائزر (لائسنسنگ اینڈ آپریشنز) ریگولیشنز 2017ء میں ترامیم کے ذریعے کمپنیوں اور شیڈول بینکوں جو کہ متعدد ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کیلئے ایڈوائزری خدمات اور میوچل فنڈز کی ڈسٹری بیوشن میں مصروف ہیں، کیلئے سکیورٹیز اور فیوچر ایڈوائزر زکی سالانہ تجدید کو آسان بنادیا گیا ہے۔ امید ہے کہ نئی لائسنسنگ رجیم کیپٹل مارکیٹس کے انٹرمیڈریز پر ریگولیٹری بوجھ کم کرنے اور کاروبار میں آسانی فراہم کرنے میں معاون ہو گی۔