فارما اینڈ ہیلتھ کیئر نمائش میں 20 کروڑ روپے کے کاروباری معاہدے

57

لاہور ( کامرس ڈیسک) تین روزہ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو و کانفرنس 20 کروڑ روپے کے کاروباری سودوں کے ساتھ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ نمائش میں جاپان، ترکی، ملائیشیا، تائیوان اور کوریا سمیت مختلف ممالک کی 70 سے زائد غیر ملکی اور ملکی کمپنیوں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق 10 ویں پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئرنمائش و کانفرنس پرائم ایونٹ مینجمنٹ کے تحت پاکستان فارما سوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے ) کے تعاون سے منگل کو شروع ہوئی تھی جو جمعرات کو اختتام پذیر ہو گئی۔ نیشنل الائنس فار سیف فوڈ کانفرنس پارٹنر تھا۔نمائش کے آخری روز منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ مینجمنٹ کامران عباسی نے بتایا کہ تینوں دن کے دوران 11 ہزار سے زائد افراد نے نمائش میں لگے 70 سے زائد اسٹالز کا دورہ کیا۔ اس دوران مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 20 کروڑ روپے سے زائد کے کاروباری معاہدے ہوئے۔ نمائش کے ساتھ ساتھ کانفرنس بھی جاری رہی۔ کامران عباسی نے بتایا کہ کانفرنس میں تینوں دن 350 سے زائد شرکاء موجود رہے جبکہ اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے 30 سے زائد مقررین نے مختلف موضوعات پر لیکچررز دیے۔ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر نمائش میں شریک کمپنیوں کے نمائندوں نے اسے کامیاب ایونٹ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس سے انہیں اپنی جدید ٹیکنالوجی اور نئی مصنوعات کو متعلقہ لوگوں تک پہنچانے کا بھرپور موقع ملا اور وہ اس سے مطمئن ہیں۔ مورگن ٹیکنالوجیز کے چیئرمین لیاقت جاوید، سرج لیبارٹریز کے منیجر بزنس ڈویلپمنٹ عبدالرشید سونیجا، میک کیمیکل کے اویس بن مسعود اور دیگر کمپنیوں نے کہا کہ انہوں نے نمائش میں اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ لیاقت جاوید نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کی طرف سے اب اچھی خبریں آرہی ہیں، امید ہے مزید بہتری آئے گی۔ میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے غیر ملکی شرکاء کا کہنا تھا کہ لاہور میں ایکسپو سینٹر کی لوکیشن، بہترین انفرااسٹرکچر، معاون عملے اور صفائی ستھرائی کی بہتر سہولیات کی وجہ سے انہیں کاروباری سرگرمیاں انجام دینے میں بہت مدد ملی ہے۔