حیدرآباد (کامرس ڈیسک) ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل ڈاکٹر نجیب اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور پاکستان پوسٹل سروسز کو بہتر کرنے کے لیے نئی پالیسیاں مرتب کی جارہی ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سیکریٹریٹ کے دورے کے موقع پر بزنس کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پوسٹ کا محکمہ خسارے میں ہے کیونکہ اِس کی سروس بہتر نہ ہونے کی وجہ سے تاجر برادری اور عوام نے اپنا رُخ پرائیویٹ کوریئر سروسز کی طرف کرلیا ہے۔ لیکن اَب پاکستان پوسٹل سروسز اپنا ماضی کا درخشاں مقام پھر سے حاصل کرے گا۔ اِس سے قبل صدر دولت رام لوہانہ نے اُن کی توجہ پاکستان پوسٹ کے عملے کی طرف کرائی کہ افسران کا رویہ تاجر برادری اور عوام کے ساتھ ٹھیک نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈاک پاکستان پوسٹ کے ذریعے بھیجی جائے تو وہ بہت دیر سے موصول ہوتی ہے اور اِسی طرح یوٹیلیٹی بلز جمع کرائے جاتے ہیں تو وہ بھی محکمہ تک نہیں پہنچتے اور اگلے ماہ بل میں جرمانے کے ساتھ دوبارہ لگ کر آجاتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پوسٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ اِس موقع پر نائب صدر محمد یاسین خلجی، سابق صدر محمد اکرم انصاری، سابق سینئر نائب صدر سلیم الدین قریشی، کنونیئر سب کمیٹی پاکستان پوسٹ افیئرز جاوید حسین قریشی، چیف پوسٹ ماسٹر فرید الدین صدیقی، سکندر علی راجپوت، عبدالسلیم آرائیں، محمد الناصر، عبدالجبار راجپوت و دیگر موجود تھے۔