بلوچستان میں ٹیکسوں کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ

89

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان حکومت نے پراپرٹی سمیت دیگر ٹیکسوں کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کرلیا، منصوبے کا دائرہ کار جغرافیائی انفارمیشن سسٹم کی مدد سے پراپرٹی کی شناخت اور ٹیکس وصولی کے آئی سی ٹی سسٹم کے ذریعہ آٹومیشن سے حکومت کو بلوچستان میں زمینی ریکارڈ کا انتظام کرنے اور محصول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ گزشتہ روزچیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر کی زیر صدارت صوبے میں پراپرٹی ٹیکسز اور دوسرے ٹیکسز کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایس ایم بی آر قمر مسعود، سیکرٹری فنانس نورالحق بلوچ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ صلح محمد ناصر،سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و دیگر نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس میں بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک روز بروز ڈیجیٹل ورلڈ کی طرف جا رہے ہیں صوبائی حکومت بھی صوبے میں پراپرٹی ٹیکس ودیگر ٹیکسز کو ڈیجیٹائز کرنے جارہی ہے جس کیلیے صوبائی حکومت ایک منصوبہ پر کام شروع کیا جارہا ہے ، منصوبے کا دائرہ کار جغرافیائی انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس) کی مدد سے پراپرٹی کی شناخت اور ٹیکس وصولی کے آئی سی ٹی سسٹم کے ذریعے آٹومیشن سے حکومت کو بلوچستان میں زمینی ریکارڈ کا انتظام کرنے اور محصول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسی منصوبے کے تحت محکمہ ایکسائزکے ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیت دی جائیگی اور بہت جلد اس اہم منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔