وزیر اعظم نواز شریف نے افغانستان میں پانچ پاکستانیوں کے قتل پر اظہار مذمت کیا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ افغان حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کرے گی۔ دوسری جانب افغانستان میں پانچ پاکستانیوں کے بیہمانہ قتل پر افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی کی گئی اور شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ افغان حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کرے گی اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرےمیں لائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گرد دونوں ممالک کے مشترکہ دشمن ہیں۔
دوسری جانب دفتر خارجہ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں گزشتہ روز پانچ پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق افغان نائب الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پانچ پاکستانیوں کے قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے واقعے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اس ضمن میں احتجاجی مراسلہ بھی افغان ناظم الامور کے حوالے کیا گیا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ایسے واقعات دو طرفہ تعلقات کو متاثر کرسکتے ہیں۔