نعیم الحق کی وفات کے بعد پی ٹی آئی میں بڑا خلا پیدا ہوگیا، عمران قریشی

75

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق کے ایصال ثواب کے لیے تحریک انصاف کے سینئر صوبائی ر ہنما عمران قریشی کی جانب سے قاسم آباد کے پارٹی آفس میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی جس میں بڑی تعداد میں پارٹی رہنما اور کارکنان کے علاوہ مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے بعد لنگر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ر ہنما عمران قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق پی ٹی آئی کا اثاثہ تھے اور ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکے گی۔ انہوں نے اپنی تمام صلاحیتیں اور وفاداری احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے پی ٹی آئی کو نہ صرف مضبوط کیا بلکہ جمہوری عمل کو بھی تقویت دی۔ انہوں نے کہا کہ نعیم الحق کی سیاسی بصیرت اور دن رات کی جانے والی جدوجہد کے نتیجے میں پی ٹی آئی کو انتخابات میں بھرپور کامیابی ملی اور وہ حکومت میں آکر ملک کے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نعیم الحق کی وفات کے بعد ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا جو بھرنے میں دیر لگے گی۔ اللہ تعالیٰ نعیم الحق کے درجات کو بلند کرے اور ان کی مغفرت فرمائے۔