سابق وزیراعظم نوازشریف سے چودھری نثار کی ملاقات کی کوشش ناکام

82

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کی ملاقات کی کوشش ناکام ہوگئی ہے، چودھری نثار کے قریبی عزیز نے اسحاق ڈار سے رابطہ کیا ہے کہ چودھری نثارکی میاں نوازشریف سے ملاقات کروائیں، اسحاق ڈار نے صاف انکارکرتے ہوئے کہا کہ میں میاں نوازشریف کی مرضی جانتا ہوں، اس لیے یہ کام نہیں کرسکتا۔نجی ٹی وی کے مطابق چودھری نثار کے قریبی عزیز نے اسحاق ڈار سے رابطہ کیا ہے کہ چودھری نثار لندن میں ہیں ، آپ چودھری نثار کو منا لیں اور میاں نوازشریف سے ملاقات کروائیں، اسحاق ڈار نے ملاقات کروانے سے صاف انکار کردیا، اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ میں میاں نوازشریف کی مرضی جانتا ہوں، اس لیے یہ کام نہیں کرسکتا۔ذرئع کا کہنا ہے کہ چودھری نثار کے قریبی عزیز نے اسحاق ڈار سے درخواست کی کہ میرا نام لیے بغیر آپ یہ کام کرسکتے ہیں۔میرے بارے میں چودھری نثار کو نہیں بتانا، کہ یہ بات میں نے آپ سے کی ہے، کیونکہ وہ بڑے غصے والے ہیں۔ اس پر اسحاق ڈار نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ اتنے قریبی عزیز بھی ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ میرا نام نہیں آنا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے نوازشریف سے ملاقات میں یہ ساری بات بھی بتائی جس پر میاں نواز شریف نے بھی حیرانگی کا اظہار کیا۔شریف خاندان ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ بات کھل کرسامنے آگئی ہے کہ چودھری نثار پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلیے کوشاں ہیں۔ جب چودھری نثار اپوزیشن لیڈر تھے یا پھر وزیر تھے تو اس وقت بھی ناراض ہوجاتے تو یہی طریقہ اپناتے تھے، لیکن اب معاملات بہت خراب ہوچکے ہیں، اس لیے چودھری نثار کی نوازشریف سے ملاقات کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔