تنقید کرنا آسان ہے، مل کر ترقی کا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا، شوکت یوسفزئی

69

پشاور(آن لائن)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں 84 ارب روپے کے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر شروع ہوچکے ہیں، افواج، عوام اور سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے امن آچکا ہے، تنقید کرنا آسان ہے لیکن ہم نے مل کر ترقی کا لائحہ عمل تیار کرنا ہے، ترقی کی راہ میں رخنے نہیں ڈالنے چاہئیں، پورے صوبے بشمول قبائلی اضلاع میں ایک ساتھ بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتے ہیں، صحت مند پاکستان کے لیے پولیو کا خاتمہ ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انضمام کا عمل مشکل تھا جو کامیابی سے مکمل کیا، قبائلی اضلاع میں زیرو سے کام شروع کیا، تمام خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ دیے گئے ہیں جس میں تقریباً 7 لاکھ روپے تک کا مفت علاج کیا جا سکتا ہے، نوجوانوں کو روزگار کے لیے ایک ارب کے قرضے دیے گئے ہیں، خاصا دار اور لیویز فورس کو کامیابی کے ساتھ پولیس میں ضم کیا گیا ہے اور عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی کام منتخب نمائندوں کے ذریعے کیے جائیں گے، اپوزیشن جماعتیں بھی حکومت میں رہ چکی ہیں کیا ان کے دور میں تمام مسائل حل ہوئے؟ ریاستی اداروں پر تنقید سے کیا ترقی اور امن آئے گا؟ امن کے لیے سیکورٹی اداروں، عوام اور پورے ملک نے قربانیاں دی ہیں۔