کو ئٹہ(نمائندہ جسارت) بلوچستان کے علاقے سنجاوی میں آٹھ دن بعد ایک شخص کو کنویں سے زندہ نکال لیا گیا،جو پاوں پھسلنے کے باعث کنویں میں گر گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق ضلع زیارت کی تحصیل سنجاوی کے علاقے لونگ آباد میں آٹھ روز قبل اختر محمد نامی شخص تنگ اور خشک کنویں میں گر گیا تھا ، کنویں کے قریب کھیلتے بچوں نے ایک شخص کو پکارتے ہوئے سنا تو انہوں نے علاقے کے دوسرے لوگوں کو جمع کیا ۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اختر محمد کو کنویں سے نکالا تو اس نے بتایا کہ وہ آٹھ دن پہلے پائوں پھسلنے کے باعث کنویں میں گر گیا تھا بہت کوشش کرنے کے باوجود بھی وہ باہر نہیں نکل سکا ، بچوں کی آوازیں سن کر اس نے پکارنا شروع کیا تو وہ وہاں جمع ہوگئے اور انہوں نے مجھے دیکھ لیا۔ اختر محمد کو کنویں سے نکالنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ، آٹھ روز تک خوراک نہ ملنے کے باعث متاثرہ شخص شدید کمزوری کا شکار ہوگیا ہے جسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔