نوجوان اپنے کردار کو اسلامی سانچے میں ڈھالیں ،راناطہٰ

58

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی ) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113کے امیر راناطہٰ خاں،جنرل سیکرٹری ڈاکٹرمحمدانورنے کہا ہے کہ مدینے کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کے دعوے کرنے والوں نے قوم کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، ملک میں حقیقی تبدیلی اور انقلاب قرآن و شریعت کے نظام پر غیر متزلزل ایمان رکھنے والے ہی لاسکتے ہیں۔راناطٰہٰ خاں نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت جغرافیائی کے ساتھ نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی بھی اشد ضرورت ہے پاکستان کی بنیاد لا الہ الا اللہ ہے اور جب تک اس میں خلافت راشدہ کا نظام نافذ نہیں ہوتا، اس کی سا لمیت اور بقا خطرے میں رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے لیے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دینے اور اپنا سب کچھ پاکستان پر نچھاور کرنے والے ہمارے اسلاف نے ایک سیکولر اور بے دین ریاست کے لیے نہیں، نظام مصطفیؐ کے حامل افراد نے پاکستان کے لیے قربانیاں دی تھیں۔انہوںنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے سیرت و کردار کو اسلام کے سانچے میں ڈھالیں اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی ریاست بنانے کے لیے کمر بستہ ہو جائیں۔