حیدرآباد :تجاوزات کے عملے کی کارروائی ،نالے پر قائم پختہ تجاوزات مسمار

68

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل نے خواجہ غریب نواز روڈ پر سڑک اور نالے پر قائم درجنوں پختہ تجاوزات کو بھاری مشینری سے مسمار کردیا، انہدامی کارروائی کے دوران نجی بینک کی سڑک پر قائم وسیع غیرقانونی تجاوزات کو منہدم کردیا گیا۔ بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ نے ڈائریکٹر توحید احمد راجپوت کی سرکردگی میں تھانہ حالی روڈ کی حدود خواجہ غریب نواز روڈ پر نالے اور سڑک پر قائم درجنوں تجاوزات کو بھاری مشینری سے مسمار کردیا۔ کارروائی کے عملے نے تجاوزات کی زد میں آنے والی نجی بینک کی تعمیرات کو بھی منہدم کردیا، مگر مذکورہ بینک کی جانب سے سڑک اور نالے پر نصب کیے گئے جہازی سائز کے جرنیٹرز کو نہیں ہٹایا جاسکا، خواجہ غریب نواز روڈ سے گزرنے والے مرکزی نالے پر وسیع غیرقانونی تعمیرات قائم ہیں، ان تعمیرات اور نالے کی صفائی نہ ہونے کے باعث سیوریج کا پانی پورے علاقے میں جمع رہتا ہے اور تمام سڑکیں جوہڑ بن چکی ہیں اور علاقہ مکینوں اور گزرنے والے ٹریفک کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے ڈویژنل کمشنر محمد عباس بلوچ، میئر سید طیب حسین سے مطالبہ کیا ہے کہ نالے اور سڑک پر قائم تمام غیرقانونی تجاوزات کو ختم کیا جائے اور علاقے میں صحت وصفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔