حیدرآباد(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سندھ اور سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ وزیر اعظم سے نہ اپنے وزرا سنبھالے جارہے ہیں نہ ہی مہنگائی کاجن قابو میں آرہا رہا ہے پی ٹی آئی حکومت پی پی اور مسلم لیگ ن کا نہ صرف تسلسل ہے بلکہ ان سے بھی دو ہاتھ آگے اور بدتر ہے ،باری باری والوں کے بعد بربادی والوں کو بھی آزمایامگر عوام کے حالات مزید خراب تر ہورہے ہیں، جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر مہم جاری ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے مرکز تبلیغ اسلام می شاہ حیدرآباد میں جماعت اسلامی لوئر سندھ کے ضلعی امراکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس سے صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید‘ امیر ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہاکہ کرپشن‘ مہنگائی اورآئی ایم ایف کی ڈکٹیشن نے خزانے سے عوام تک سب کچھ بدحال کردیا ،ہر شعبہ زندگی متاثر ہے غریب عوام دو وقت کی روٹی کا محتاج بنا ہوا ہے اس کا ذمے دار طبقہ حکومت میں شامل ہے جو آٹا ذخیرہ،گندم بیرون ملک فروخت تو کبھی چینی کا بحران پیدا کرکے مال کماتا ہے لیکن حکومت کے دعوے ہی ختم نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر فیصلے کیے جارہے ہیں معاشی ٹیم آئی ایم ایف کی نمائندہ ٹیم ہے ایسے میں تبدیلی کی کوئی امید نہیں حالات مزید خراب ہی ہونگے ۔