اتحادی بھی ناراض ہیں‘ وفاقی حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں‘ وزیراعلیٰ سندھ

76

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہر سطح پر ناکام ہو چکی ہے حکومت کے اتحادی بھی ناراض ہیں جبکہ حکومت کے اپنے ارکان بھی وزیر اعظم عمران خان کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں اور لگتا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرے گی ۔ وہ اپنے حلقے سیہون میں مختلف علاقوں میں لوگوں سے ملاقاتوںکے بعد بھان سعید آباد میں پی پی رہنما حاجن شاہ کی اوطاق پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ صحافی کے سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے ثابت کر دیا ہے کہ حکومت بری طرح ناکا م ہو چکی ہے اور وزیر اعظم نے آٹے اور چینی کے بحران میں اپنی ناکامی کا اعتراف کیا ہے ۔ ایک سوال پرانہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت نے بھینس اور بکریوں کے ذریعے غربت ختم کرنے کا پروگرام دیا ہے کیا اس سے غربت ختم ہوگی ؟ان اسکیموں سے عوام کو فائدہ پہنچا ہے اور نہ پہنچے گا ،اس حکومت میں اہلیت ہی نہیں کہ غریبوں کیلیے کچھ کر سکے۔ بلدیاتی انتخابات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مردم شماری اور حد بندی کے ایشوز چل رہے ہیں ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔انہوںنے مزید کہا کہ ملک بحران میں ہے عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے اس وقت اپوزیشن لیڈرکا ملک میں ہونا ضروری ہے۔