مقبوضہ کشمیر: لاک ڈاؤن204ویں روز بھی جاری‘ بھارتی فوج نے مزید2نوجوانوں کو شہید کردیا

178

سری نگر(کے پی آ ئی + آن لائن )مقبوضہ کشمیرمیں لاک ڈاؤن204ویں روز بھی جاری جب کہ بھارتی فوج نے مزید2نوجوانوں کو شہید کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میںدفعہ 370 اور 35 اے کے تحت حاصل خصوصی حیثیت کے بعد 204ویں روز بھی لاک ڈائون جاری رہا، فوجی محاصرے کے باعث مقبوضہ وادی کی صورتحا ل انتہائی تشویشناک ہے،اشیائے خورونوش کی قلت اور ادویات نہ ملنے کی وجہ سے کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،اگرچہ انتظامیہ کی جانب سے عوام کو اب سست رفتار انٹرنیٹ خدمات فراہم کی جا رہی ہیں تاہم ابھی بھی سیاسی رہنما حراست میں ہیں اور جس وجہ سے مرکزی زیر انتظام خطے میں سیاسی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں ۔گزشتہ سال 5 اگست کو مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کے بعد مرکز کے زیر انتظام لیا ۔اس فیصلے سے جہاں وادی کے عوام ناراض تھے، انتظامیہ کو بھی شدید احتجاج کا خوف تھا جس وجہ سے پورے علاقے میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں نافذ کی گئی،سیکورٹی فورسز کی تعیناتی میں مزید اضافہ کیا گیا، مواصلاتی نظام معطل کیے جانے کے ساتھ ساتھ کشمیری حریت پسند اور سیاسی رہنمائوں کو بھی حراست میں لیا گیا ۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی بدستور جاری ہے ،درندہ صفت فورسز نے حالیہ کارروائی میں مزید 2 کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ۔ بھارتی فورسز نے ضلع اسلام آباد میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔دوسری جانب بھارتی فورسز نے پلواما، شوپیاں، گندربال اور بارہ مولہ میں گھروں پر چھاپے مارے اور 17 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا، اس کے علاوہ کپواڑہ اور ہندواڑہ میں بھی آپریشن کے دوران 2 نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا۔دوسری جانب جنوبی کشمیر کے ضلع پلواما کے علاقے میں قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے)نے ایک نجی دارالعلوم پر چھاپا مار کر 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چاروں افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔