فواد چودھری پنجاب حکومت کے خلاف نواز شریف کا کاندھا استعمال نہ کریں،ن لیگ

96

لاہور(مانیٹر نگ ڈیسک )مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ فواد چودھری پنجاب حکومت کے ساتھ اپنا ذاتی حساب برابر کرنے کے لیے نواز شریف کے کاندھے پر رکھ کر بندوق نہ چلائیں۔ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس کے حوالے سے فواد چودھری کے ٹوئٹ کے جواب میں (ن) لیگ کے رہنما طلال چودھری نے کہا کہ نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس عدالت کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق جمع کرائی گئیں، فواد چودھری کا بیان نوازشریف نہیں پنجاب حکومت کے خلاف ہے، انہوں نے پنجاب حکومت، یاسمین راشد اور سروسز اسپتال کے ڈاکٹرز کو جھوٹا اور فراڈ قرار دیا، فواد چودھری پنجاب حکومت کے ساتھ اپنا ذاتی حساب برابر کرنے کے لیے نواز شریف کے کاندھے پر رکھ کر بندوق نہ چلائیں، ایسے بیانات دے کر فواد چودھری کا وزیراعلی پنجاب بننے کا ارمان پورا نہیں ہوگا۔طلال چودھری نے کہا کہ پنجاب حکومت کے خلاف بیان کی وجہ بظاہر پی ٹی آئی سے فواد چودھری کی جلد رخصتی کی نشاندہی ہے، ان کے بیان کا ایک مطلب یہ ہے کہ وہ پنجاب حکومت اور بزدار صاحب کو فراڈ اور مشکوک قرار دے رہے ہیں،وہ ایسی تحقیقاتی کمیٹی کا مطالبہ کریں جو معلوم کرے کہ پنجاب کے لوگوں کو مفت دوائی اور علاج پر پابندی کس نے لگائی؟،