پیشنگوئی کردی تھی کہ جن بوتل سے باہر آگیا تو خون خرابہ ہوگا، وزیر اعظم

219

کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی جارحیت پہلے صرف مقبوضہ کشمیر میں تھی، اب بھارت کے 20 کروڑ مسلمان اس کا نشانہ بن رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویئٹر پر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں متنازع شہریت بل کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر بھارتی پولیس اور ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے ہونے والے مظالم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی ابتدا تھی اوراب بھارت کے 20 کروڑ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت میں ہٹلر کے فلسفے سے متاثر ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس نے اقتدار سنبھال لیا ہے جو کہ  نفرت پر مبنی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک بھارت میں خونریزی ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران یہ پیشنگوئی کردی تھی کہ ایک بار یہ جن بوتل سے باہر آگیا تو خون خرابہ اور بڑھ جائے گا۔ عالمی برادری بھارت کی صورتحال پر اب لازمی ایکشن لے۔

عمران خان نے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظات کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اقلیتیں اس ملک کے برابر کے شہری ہیں۔ اگر کسی نے ان کو یا ان کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا تو ان کے ساتھ  سختی سے نمٹا جائے گا۔