کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست

165
احمد سفیر کے ہاتھوں اعظم خان اور نسیم شاہ کے ہاتھوں لکی رونچی کے بولڈ ہونے کا منظر: فوٹو گرافی ناصر عبداللہ کشمیری

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ‘پی ایس ایل کے 9ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 188 رنز کا ہدف 2 گیند قبل حاصل کیا۔بین کٹنگ نے فہیم اشرف کے اوور میں 17 رنز بنا کرمیچ کا پانسہ پلٹا۔ انہوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں محمد نواز کے ساتھ57 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ کے آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے۔ اس دوران بین کٹنگ نے مسلسل 2 گیندوں پر 2 چھکے لگا کر ٹیم کو کامیابی دلادی۔ انہوں نے17 گیندوں پر 42 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ محمد نواز 25 رنزبنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل اوپنر جیسن رائے نے نصف سنچری کے ذریعے بہترین آغاز فراہم کیا۔ انہیں احمد صفی عبداللہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 19.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ اسلام آبا د یونائیٹڈ کے احمد صفی عبداللہ اور فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں لیں۔قبل ازیںمیزبان ٹیم نے مقررہ20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ اور ٹیمل ملز نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ بین کٹنگ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آج 2میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرزاور پشاور زلمی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔