نقطہ نظر

187

اللہ مشکل آسان فرما
آپ نے یہ جملہ بہت سنا ہوگا خاص طور پر جب کوئی مریض تکلیف سے گزر رہا ہو یا کوئی ایسے لاعلاج مرض میں مبتلا ہوجائے کہ گھر والے خدمت کر کے تنگ آجائیں تو وہ یہ کہتے ہیں کہ اللہ ان کی مشکل کو آسان کردے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب ہم خدمت کرکے تھک گئے ہیں اب ان کو اپنے پاس واپس بلالے۔ خدمت ہر کوئی نہیں کرسکتا، والدین کی یا اپنے بزرگوں کی خدمت وہی کرسکتا ہے جس کو اللہ پاک توفیق عطا کرتے ہیں۔ مجھے اللہ پاک نے یہ سعادت عطا فرمائی، میں نے والدین، تایا، بہن، پھپھو اور اپنے خالہ زاد بھائی کی خدمت کی۔ بس اب ان میں سے دنیا میں کوئی نہیں رہا۔ اب دُعا کرتا ہوں کہ اللہ میری اُس خدمت کو قبول فرمالے، آج بھی میں خدمت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا، مجھے آپ لوگوں کے ساتھ کی ضرورت ہے، اللہ نے میرے اندر خدمت کا جذبہ رکھا ہے، میں ابن آدم کے نام سے خدمت انسانیت کا کام کرتا ہوں مگر وسائل کی کمی کی وجہ سے میں مجبور ہوجاتا ہوں، آج معاشرے میں غریب سب سے زیادہ متاثر ہے اور سفید پوش لوگ تو جیتے جی مر گئے ہیں۔ 200 روپے والا گیس کا بل بڑھ کر 2 سے 3 ہزار کا کردیا ہے، بجلی کو تو حکومت نے آمدنی کا ذریعہ بنالیا ہے جب کہ بجلی کی پیداوار کوئی مشکل کام نہیں ہے، چین نے پاکستان کی حکومت کو آفر کی مگر کرپشن مافیا نے اُس کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے۔ ہمارے اپنے ملک میں 3 سے 4 روپے یونٹ میں بجلی پیدا ہوسکتی ہے مگر کوئی حکومت اُس طرف توجہ دینے کو تیار نہیں ہے، اللہ اس قوم کی مشکل آسان فرمائے۔ کیا آپ نے کبھی اللہ کے کرموں پر غور کیا ہے وہ اپنے بندوں سے کتنا پیار کرتا ہے۔ اگر وہ آپ سے اپنی دی ہوئی نعمتوں کو چھین لے تو کیا ہے، اگر پیشاب بند ہوجائے تو کتنی اذیت ہوتی ہے۔ قبض ہوجائے یا گیس کا اخراج نہ ہو تو انسان کتنا بے چین ہوجاتا ہے، وہ ہزاروں روپے علاج پر خرچ کرتا ہے، کسی کو کینسر ہو یا گردے کام کرنا چھوڑ دیں تو علاج پر لاکھوں روپے درکار ہوتے ہیں جب کہ حکومت اور ہومیوپیتھی میں ہر لاعلاج مرض کا علاج موجود ہے۔ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ہر سرکاری اسپتال میں شعبہ ہومیوپیتھی بنایا جائے، میں خود اپنی نگرانی میں اس شعبے کو لے کر چلنے کو تیار ہوں، مجھے میرے ہومیوڈاکٹرز نے قائد ہومیوپیتھی کا لقب دیا ہے میں اس ملک کے دولت مند لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مجھے ایک ہومیوپیتھک اسپتال بنا کر دیں اور اُس کو چلانے میں میری مدد کریں۔ میں آپ کو دکھائوں گا کہ ہومیوپیتھی کتنا کامیاب طریقہ علاج ہے۔ میری ایک شاگرد ہیں ڈاکٹر انیلہ قیوم اُن کی ماں 10سال سے بیڈ پر ہیں وہ اُن کی خدمت میں اپنا سب کچھ بھول چکی ہیں، اُن کے منہ سے میں نے کبھی نہیں سنا کہ اللہ میری ماں کی مشکل حل کردے کیوں کہ وہ یہ فلسفہ جانتی ہیں کہ خدمت میں اللہ نے عظمت رکھی ہے۔ یاد رکھیں خدمت بغیر کسی صلے کے کرنے والوں پر ہر وقت اللہ کی رحمت نازل رہتی ہے۔ دنیا اور آخرت سنوارنے والے خدمت کے حقیقی فلسفہ پر توجہ۔ اللہ ہم سب کو نیک ہدایت دے (آمین) پاکستان زندہ باد
ڈاکٹر شجاع صغیر خان
گیس کی قیمتوں میں اضافے
سے مہنگائی بڑھے گی
ملک میں گیس کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے ذمے دار ادارے اوگرا نے قدرتی گیس کی قیمتوں میں 245 فی صد تک اضافہ کرنے کی سفارش دی ہے۔ قدرتی گیس مکمل طور پر پاکستان کی پیداوار ہے، گیس کی قیمت میں اضافے کی وجہ آئی ایم ایف کا دبائو ہے، حکومت اپنے خزانے میں مال جمع کرے مہنگائی کا ایک اور سونامی حکومت کے خزانے میں 18 فی صد جمع ہوگا بقیہ ساری رقم گیس نکالنے والی کمپنیاں لے جائیں گی۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کی بنیادی ضروریات کی چیزیں گھریلو استعمال کی اشیا کی قیمتیں کم کرے تا کہ عوام کو کچھ سکون میسر آسکے۔
فوزیہ حسین