ترک افواج پر حملہ: نیٹو نے ترکی کی طرف دوستی کیلئے ہاتھ بڑھا دیئے

257

واشنگٹن: شام کے شہر ادلب میں 33 ترک افواج کی شہادت کے بعد نیٹو کی امریکی سفیر کے بیلی نے ترکی کی طرف دوستی کے ہاتھ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ترک دیکھ لیں کہ ان کا کون دوست ہے اور کون نہیں۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی فرانس24 کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیٹو کی امریکی سفیر کے بیلی کا کہنا تھا کہ ترکی اب روس کی اصلیت دیکھ لے، اس نے کیا کیا؟۔ روس کا ترک افواج پر حملہ ترکی اور روس کے مابین تمام معاہدوں کو ختم کرنے کیلئے کافی ہے۔

کے بیلی نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ اب ترک صدر طیب اردگان جان لیں گے کہ ہم(امریکا) ماضی میں بھی ترکی کے دوست تھے اور مستقبل میں بھی ہیں اس لیئے ترکی کو روس سے ہوئے S-400 میزائل کی تجارت کے معاہدے کو بھی ختم کردینا چاہیے۔

واضح رہے کہ ادلب میں ترک افواج پر حملہ کرنے کی روسی وزارت دفاع نے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ روسی افواج کو ترک فوجیوں کے مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی تھی جبکہ ترک حکام کا کہنا ہے روس کو ترک افواج کے مقام کی نشاندہی کردی گئی تھی۔