حج فارم سے ختم نبوت ﷺکے حلف کو الگ کرناقادیانیوں سے ہمدردی تھی

59

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد نے کہا ہے کہ حج فارم سے ناموس ختم نبوتﷺ کے حلف کو الگ کرنا عالمی طاغوتی شیطانوں اور قادیانیوں کوخوش کرنے کی سازش ہے، وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری اس قدر بے اختیار ہیں کہ اتنا بڑا واقعہ ان سے پوشیدہ رہا تو اس سادگی پر انہیں وزارت سے چمٹے رہنے کے بجائے بطور احتجاج الگ ہوجانا چاہیے اور بدنیتی پر مبنی اس سازش کے عناصر کو قوم کے سامنے بے نقاب کرنا چاہیے۔ رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ اٹل مؤقف سیکڑوں ممبران پارلیمنٹ کامحتاج نہیں ہوتا، جماعت اسلامی کے ممبر قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی ناموس ختم نبوتﷺ کے حقیقی محافظ اور سچے عاشق رسولﷺ ہیں، جنہوں نے حج فارم سے ناموس ختم نبوتﷺ کو الگ کرنے کی سازش کو بے نقاب کیا اور قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروائی، مسلمان فاقہ کشی اور ہر مصیبت برداشت کرسکتا ہے لیکن محمد عربیﷺ سے عشق کو نہیں چھوڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصا ف کی حکومت اپنے آقائوں کو خوش کرنے کے بجائے ہوش کے ناخن لے اور اسلامی ریاست پاکستان کی اسلامی اقدار سے کھلواڑ بند کرے اگر عالمی شیطانوں کو خوش کرنے کے لیے قانون ناموس ختم نبوتﷺ سے غداری کی گئی تو انہیںکہیں پناہ نہیں ملے گی۔