پشاور( آن لائن ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شوکت یوسفزئی سے اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا۔ محمود خان نے اجمل وزیر کو مشیر اطلاعات مقرر کردیا ہے،کابینہ میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔کابینہ میں ردوبدل کے تحت وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اور اجمل وزیر کے محکمے اور وزارتیں تبدیل کردی گئی ہیں جبکہ شوکت یوسفزئی کووزارت لیبر اور ثقافت کا قلمدان سونپ دیا ہے۔ اس سے قبل کابینہ میں 7 اور وزیراعلیٰ کے خلاف دھڑے بندی پر3 وزرا کی چھٹی کر دی گئی تھی۔ابھی تک ان وزرا کو کابینہ میں واپس نہیں لیا گیا۔ برطرف وزرا عاطف خان اور شہرام ترکئی کو خیبرپختونخوا کابینہ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ محکمہ سیاحت و کھیل اور نوجوانان امور کا قلمدان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے پاس ہی رہے گا جبکہ محکمہ مال کا قلمدان وزیر قانون سلطان محمد کو دیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا لیکن ابھی تک یہ قلم دان بھی کسی کو نہیں دیا گیا۔