کورونا وائرس چھپانے کی خبریں درست نہیں‘ اسکول بندش صوبوں کافیصلہ ہے‘ ظفرمرزا

126

راولپنڈی(خبر ایجنسیاں) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز چھپانے کی خبریں درست نہیں، وائرس کے باعث اسکول بند کرنے کا فیصلہ صوبائی حکومتوں کا ہے وفاق میں اسکول بند نہیں کریں گے۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کے 5 مریض ہیں تاہم پاکستان سپر لیگ کی وجہ سے کورونا وائرس کے کیسز چھپانے کی بات 200 فیصد غلط ہے جبکہ ہر نزلے اور زکام کو کورونا وائرس نہ سمجھا جائے، صوبائی اور وفاقی سطح پر مل کر کام کررہے ہیں، صوبائی حکومتیں خودمختار ہیں اور اپنے لوگوں کے لیے بہتر فیصلے کررہی ہیں۔انہوں نے اپیل کی کہ عوام خوف نہ پھیلائیں اور بلا ضرورت ماسک کے پیچھے نہ بھاگیں، کوئی غیر ضروری چیز نہ کریں، اگر آپ چین سے متاثرہ ملک سے واپس آئے ہیں تو اپنے آپ پر نظر رکھیں، 14 دن میں اگر کوئی علامت نظر آئے تو 1166 پر رابطہ کریں۔انہو ں نے کہا کہ اگر آپ کے کسی قریبی دوست یا عزیز میں کورونا کی علامات ہیں تو اس کی بھی اطلاع دیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے تیاری شروع کردی ہے، ڈینگی کو اسٹینڈرڈ طریقے سے قابو کریں گے اور ڈینگی کے بارے میں بھی نیشنل پروگرام لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں کورونا کا کوئی مسئلہ نہیں لہٰذا یہاں کے اسکول بند نہیں کر رہے۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ چین میں کل 2 ہزار طلبہ ہیں جس میں سے ووہان میں 620 طلبہ ہیں اور ان تمام سے رابطہ ہے جب کہ چین نے پاکستانیوں کے لیے بھی وہی پابندی لگائی ہیں جو اپنے لوگوں کے لیے لگائی ہے۔