حیدرآبا د میں ’’ تکریم نسواں واک‘‘، بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت

358
حیدرآباد:جے آئی یوتھ حلقہ خواتین کے تحت عالمی یوم خواتین کے حوالے سے تکریم نسواں ریلی نکالی جارہی ہے

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے شعبہ نوجوانان کے تحت’’تکریم نسواں واک‘‘ اولڈ کیمپس تا پریس کلب حیدرآباد تک جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی قائمقام ناظمہ فراز کشورکی قیادت میںہوا۔واک میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ شعبہ نوجوانان کی نگران غزالہ زاہد، ناہید انیس،فرزانہ ایوب،سائرہ خلیق، اسما ضیا، امیر بی بی اور دیگر ذمے داران واک میں شریک تھیں ۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی قائمقام ناظمہ فراز کشور نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان جو کہ حقوق نسواں کا پاسدار ہے ان حقوق پر عملدرآمد کو ہر سطح یقینی بنایا جائے ۔اللہ نے ماں کے قدموں میں جنت، بیوی کو نصف ایمان اور بیٹی کو جنت کا باعث قرار دیا ہے۔اسلام نے عورت کو گھر کی ملکہ بنا کر معاش کی فکر سے آزاد اور بازار کی زینت بننے سے منع کیا ہے ۔ ہم پاکستانی عورت کو وہ تمام سماجی اور معاشی حقوق دلانا چاہتے ہیں جو دین اسلام ان کو دیتا ہے مگر ہمارا معاشرہ ان کی فراہمی میں رکاوٹ بنتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے کئی علاقوںمیں عورت ایسے رسم ورواج اور روایات کی پابند ہے جو بحیثیت انسان اس کی حق تلفی کا باعث ہیں اور ہمارے دین کے منافی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عورت کو نسلوں کی تربیت کی عظیم الشان ذمے داری دے کر عورت کی نسوانیت کی حفاظت اور اس کی تکریم کی گئی ہے ۔یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں کہ جن معاشروں میں عورت کا استحصال ہوگا ، وہاں زوال ہی زوال ہو گا ۔مظاہرین نے پوسٹرز اور بینرز کیذریعے اسلام کی روشنی میں اپنے سیاسی اور معاشی حقوق ، اوقات کار سے زیادہ کام لینے پر پابندی، خواتین کے لیے مفت پرائمری تعلیم کے ساتھ علیحدہ میڈیکل کالجز اوریونیورسٹیوں کے قیام ، خواتین کوہراساں کرنے والوں کے خلاف قانون پر عملدرآمد، مجبور اور بے سہارا خواتین کی کفالت ، بڑے شہروں میں کام کے اوقات میںخواتین کو خصوصی ٹرانسپورٹ فراہم کرنے ، ان کی جسمانی صحت کے خیال اورایک باعزت اور محفوظ زندگی کا مطالبہ کیا۔