دھرنا ختم کرنے کے لیے فضل الرحمن سے کوئی معاہدہ نہیں کیا،وزیر داخلہ اعجاز شاہ

152

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مولانا فضل الرحمن سے دھرنا ختم کرنے کے لیے کوئی معاہدہ نہیں کیا، مولانا فضل الرحمن سے جنہوں نے وعدہ کیا ہے وہ ان سے پورا کرنے کا مطالبہ کریں،پاکستان میں دہشت گردی میں واضح کمی کے بعد اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں نے پاکستان سے متعلق ایڈوائزری تبدیل کی ہے،حالیہ دہشت گردی کے واقعات افسوناک ہیں ان پر قابو پالیا جائے گا،چستان میں اس وقت قرنطینہ میں3ہزارزائرین موجودہیں،ایران بارڈ ر اورجو ایران میں ہوٹلوں میں مقیم ہیںآہستہ آہستہ تمام لوگوں کو واپس لایا جا ئے گا۔سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں پریس کانفر نس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ نے کہاکہ حکومت بلوچستان کے نمائندوں سے ملاقات کر کے کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا ہے، صوبے کو کسی قسم کی معاونت کی ضرورت ہے تو وہ فراہم کریں گے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملکر کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اپنا رہی ہیں، صوبائی حکومت کو آلات اور دیگر معاملات میں معاونت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت قرنطینہ میں 3ہزار زائرین موجود ہیں جبکہ 2ہزار لوگ ایران کے بارڈر پر موجود ہیں اس کے علاوہ بھی لوگ ہیں جو ایران میں ہوٹلوں میں مقیم ہیں،آہستہ آہستہ تمام لوگوں کو واپس لایا جا ئے گا ، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جس صوبے کے لوگ ہیں انہیں انکے صوبوں میں بھجوا کر قرنطینہ میں رکھیں تاکہ بارڈر پر دباؤ کم ہوسکے،چین سے طلبہ کو واپس لانا اصل مسئلہ تھا، کورونا وائرس آپریشن کی نگرانی وزیراعظم خود کر رہے ہیں ، وزیراعظم ہاؤس میں اس حوالے سے سیل قائم کردیا گیا، ہم تما م اقدامات ملک کے مفاد میں کر رہے ہیں،کورونا وائر س کے معاملے پر سیاست یا اس معاملے کو پیچیدہ نہیں بنانا چاہیے، یہ اللہ کا ہم سے ناراضگی کا اظہار ہے جو لوگ باہر ہیں یا جنہیں پاکستان میں وائرس ہوا ہے ہمیں ان سب سے ہمدردی ہے،خطے میں پاکستان کی پوزیشن کورونا وائرس کے حوالے سے بہتر ہے،ہم احتیاطی تدابیر اپنانے کے ساتھ ساتھ دعا کر سکتے ہیں کہ اللہ ہمیں اس وائرس سے محفوظ رکھے،ہمیں کورونا وائرس کے حوالے سے آگاہی دینے کی بھی ضرورت ہے ،اگر کسی کو زکام،کھانسی یا بخار ہے تو وہ طبی معائنہ کرائے۔