کراچی میں ایک اور عمارت مخدوش قرار، کئی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں

357

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ایک اور مخدوش عمارت سامنے آگئی، کئی انسانی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں، بلڈر مافیا نے7ماہ کے دوران غیر قانونی پانچ منزلیں بنا کر بلڈنگ میں رہائش کروا دی گئی،

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں کئی عمارتیں انتہائی مخدوش اور خستہ حالت میں موجود ہیں، جو کسی بھی وقت کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہیں، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی تاحال عمارتیں خالی کرانے اور مکینوں کو متبادل رہائش فراہم کرنے میں ناکام نظر آتی ہے،

ناظم آباد پاپوش نگر بڑا میدان یاسین جنرل اسٹور کے پاس ایک مخدوش عمارت سامنے آگئی، یہ عمارت اپنی جگہ چھوڑنے لگی، عمارت میں کئی جگہ پر دراڑیں پڑگئیں ہے،

60 گز پر بنی عمارت راتوں رات ایس بی سی اے افسران کی ملی بھگت سے بنائی گئی ہے، بلڈنگ سے سیوریج کا پانی بھی رسنے لگا، یاد رہے کہ اس سے قبل لیاقت آباد ٹاؤن کی حدود میں ہی گلبہار میں ایک عمارت منہدم ہوئی ہے،

واضح رہے کہ کراچی میں سینکڑوں مخدوش عمارتیں ہیں، ہر لمحے کسی سنگین حادثے کا خطرہ رہتا ہے، متبادل انتظام نہ ہونے کے باعث عوام خستہ حال عمارتوں میں رہنے پر مجبور ہیں،

شہر قائد میں اب تک مخدوش عمارتوں کے زمین بوس ہونے کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں لیکن سندھ بلڈنگ کنڑول اٹھارتی تاحال مخدوش عمارتیں خالی کرانے میں ناکام رہی ہے۔