کوئٹہ (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور ادارے ایک پیج پر نہیں رہے، آزادی مارچ سے عوام کو جے یو آئی کا موقف سمجھ آچکا ہے، وزیر داخلہ اپنا ریکارڈ درست کریں۔ ہفتے کو اپنے ایک بیان میں حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ کا یہ کہنا کہ جے یو آئی کے آزادی مارچ کے حوالے سے حکومت نے مارچ کے خاتمے کے لیے کوئی وعدہ نہیں کیا تھا سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اور ادارے اب ایک پیج پر نہیں رہے ہیں۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ ریٹائرڈ برگیڈیئر اعجاز شاہ جس ادارے میں رہے ہیں اور جس ادارے کی سفارش پرانہیں موجودہ حکومت میں لیا گیا ان کی اس حوالے سے بے خبری اور بے وفائی قابل حیرت ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو مذاکراتی کمیٹی پرویز خٹک کی سربراہی میں بنائی تھی جس میں اسپیکر اور دیگر ارکان شامل تھے ان کے مذاکرات کے ناکامی کے بعدمذاکرات کے لیے چودھری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کو جس نے نامزد کیا تھا عجیب بے خبری ہے کہ ملک کے وزیرداخلہ ریٹائرڈ برگیڈیئراعجاز شاہ کو بھی اس کا علم نہیں ہوسکا کہ ان کو کس نے بھیجا ہے جبکہ خود چودھری پرویز الٰہی یہ بات کررہے ہیں کہ انہوں نے جے یو آئی کے ساتھ جوطے کیا تھا امانت ہے اور وقت پر وہ بتائیں گے اور یہی بات مولانا فضل الرحمن نے بھی کی ہے کہ ان سے جن لوگوں نے چودھری برادران کو بھیج کر بات چیت کا آغاز کیا تھا انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں جو حالات بدل رہے ہیں ان کا سہرا آزادی مارچ کے سر جاتا ہے۔